پنجاب کابینہ نے ہر محکمہ میں شکایات کے ازالہ کیلئے کمشنرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی،کمشنرزشکایات کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں گے

144
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi
Interior Minister Mohsin Raza Naqvi

فیصل آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):تاریخ میں پہلی بارمنگل کو فیصل آباد میں پنجاب کابینہ کا30 واں خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت کمشنر فیصل آباد ڈویژن کے کمیٹی روم میں منعقدہوا جس میں تمام صوبائی وزرا،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،صوبائی اعلیٰ انتظامی حکام، کمشنر فیصل آباد اور سی بی او فیصل آبادنے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعیدنے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ سی پی او فیصل آبادکیپٹن(ر)محمد علی ضیانے امن وامان کی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں کابینہ کو بریف کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے شہریوں کی شکایات کے حل کیلئے بڑے اقدام کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہر محکمے میں شکایات کے ازالہ کیلئے کمشنرز تعینات ہوں گے جومحکموں سے متعلق شکایات کے فوری تدارک کیلئے اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صرف لاہورہی نہیں بلکہ پنجاب بھر کی تاریخی اور قدیم عمارتوں کی بحالی اور تزئین وآرائش ہو گی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھانے کی منظوری دے اورازبکستان کے شہر بخارا اور لاہورکو جڑواں شہر قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے بخارا اور لاہور کو جڑواں شہر قرار دینے کیلئے معاہدے کی بھی منظوری دیدی۔اسی طرح دیہاتوں میں چوکیدارہ نظام کو مزید مؤثر بنانے اور چوکیدار کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی،پنجاب ایگریکلچر مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی سے مل کر سبزی وپھل منڈیاں قائم کرے گی۔پنجاب کابینہ نے روڈا اور ایگری کلچر مارکیٹ اتھارٹی کے درمیان معاہدے،پنجاب چیریٹی ایکٹ 2018 کے تحت کمیشن کے قیام،پنجاب موٹروہیکلزرولز 1969میں ترمیم،پنجاب پروکیورمنٹ رولز2014میں ترامیم، سرکاری اراضی کے حوالے سے پالیسی کی تشکیل اور ضروری ترمیم کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی

۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے عہدے کیلئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (اپائٹمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس)رولز2014میں ترمیم،پنجاب پولیس(ریکروٹمنٹ آن فیملی کلیم بیسز)رولز2016میں ترمیم اور اسٹنٹ ٹریفک کو بھی فیملی کلیم کا حق دینے کی منظوری دی گئی۔