لاہور۔16جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 27واں اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پائی پائی عوام کی امانت ہے اور ہم اللہ تعالی کے سامنے جوابدہ ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ حکومت نے زیرو ٹیکس بجٹ پیش کیا ہے اور پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 700سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کے ساتھ 12ہزار کلومیٹر کا ریکارڈ قائم کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلی نے عید پر صفائی کے بہترین انتظامات پر افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ستھرا پنجاب مہم نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں 100نئے اختراعی پروگرام اور 94نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جبکہ ہیلتھ اور ایجوکیشن کے شعبوں کو ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ بجٹ دیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوامی خدمت اور بھرپور تبدیلی کے لیے وقت کم ہے مگر نیت نیک ہے اور ہم محنت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فنانشل ڈسپلن کی بدولت گورننس میں نمایاں بہتری آئی ہے، ای ٹینڈرنگ اور گڈ گورننس کی بدولت کوئی مالیاتی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے کا جائزہ لیا جائے گا اور مزدور کی کم از کم اجرت 40ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز کے ساتھ ساتھ اجرتوں کا سسٹم ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن نے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم کو کامیاب بجٹ کی تیاری پر مبارکباد پیش کی۔