پنجاب کا بجٹ خسارے میں نہیں سر پلس ہے، اس حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جار رہی ہیں،محسن نقوی

165

لاہور۔26اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے جمعرات کے روز یہاں خالد بٹ چوک انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا ہے۔

وزیراعلی کے مسلسل دوروں اور مانیٹرنگ سے انڈر پاس پراجیکٹ کا 74 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔خالد بٹ چوک انڈر پاس کی کھدائی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور کنکریٹ ڈالنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔وزیر اعلی نے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور کنکریٹ ڈالنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلی نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل اور یوٹرن کے حوالے سے ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹرکو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ ٹریفک کو موثر مینجمنٹ کے ذریعے رواں رکھا جائے تا کہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گرائونڈ، ڈی ایچ اے اور والٹن میں رہنے والے شہری مستفید ہو ں گے۔ کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورکنٹریکٹر نے خالد بٹ چوک انڈر پاس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامرمیر،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے خالد بٹ چوک پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی ہے، بہت جلد خالد بٹ چوک پراجیکٹ مکمل کر لیں گے۔ بجٹ میں خسارے کی خبریں بے بنیاد ہیں،پنجاب کا بجٹ خسارے میں نہیں بلکہ سر پلس ہے۔پنجاب حکومت کے پاس ایک بڑی رقم سر پلس ہے۔پنجاب بجٹ سر پلس میں ہے کسی بھی صورت خسارے میں نہیں ہیں۔بجٹ خسارے کی غلط خبریں پھیلائی جار رہی ہیں۔پنجاب حکومت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اخراجات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو کمزور نہیں کیا جا رہا،محکمہ اینٹی کرپشن کے پاس ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار ہے اور رہے گا۔محکمہ اینٹی کرپشن کو چیف سیکرٹری سے اجازت لینی ہوگی تاکہ افسران کا استحصال نہ ہو۔محسن سپیڈ کی وجہ صرف اور صرف ٹیم ورک ہے،ٹیم دن رات محنت کررہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر محنت سے کام کررہے ہیں۔

جسٹس مقبول باقر سے کچے آپریشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہواہے۔سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کچے کے علاقے میں آپریشن کیا جارہا ہے۔ منشیات ایک بہت بڑا چیلنج ہے، منشیات کے خلاف اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کرنے سے معلوم ہوا کہ 50 فیصد خواتین منشیات کی وجہ سے قید ہیں۔منشیات فروش نوجوان نسل کو ٹارگٹ کررہے ہیں،انسداد منشیات کے لئے جتنی محنت کرنا پڑی کریں گے۔کوشش ہے کہ کینسر ہسپتال کو مکمل کرکے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گندم کا سرکلر ڈیٹ 650 ارب جس پر 150 ارب سود بھی دینا تھا،اللہ کا شکر ہے ہم نے 650 ارب کا قرض اتار دیا ہے۔پنجاب میں 350 ارب روپے پنشن کی مد میں استعمال ہوتے ہیں۔پوری کوشش ہے کہ معاشی بہتری کے لئے بنیادی چیزوں کو ٹھیک کیا جائے تا کہ آنے والی حکومت کے لئے آسانی ہو۔انسداد سموگ ہمارا فرض ہے جس کے لئے دن رات کوشاں ہیں،کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کنٹرول میں رہے۔ رواں سال سموگ گزشتہ برس سے کم ہے، سموگ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے نتائج کافی مثبت ہیں۔محکمہ ماحولیات کوہماری مکمل سپورٹ حاصل ہے۔سرکاری سکولوں کی نجکاری کا معاملہ کبھی بھی زیر بحث نہیں آیا۔پرائس کنٹرول ہماری پہلی ترجیح ہے،میں اور میری ٹیم پرائس کنٹرول کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔