
راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہے کہ پنجاب کا ہر لائسنس ہولڈر شہری ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ ڈی ایل آئی ایم ایس سے اپنا ای ڈرائیونگ لائسنس با آسانی حاصل کر سکتا ہے،شہری اپنے ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ سے شناختی کار ڈ اور تاریخ پیدائش کے اندراج سے با آسانی اپنا ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کر کے پی ڈی ایف فائل کی صورت میں موبائل میں بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
پیر کو اپنے بیان میں سی ٹی او تیمور خان نے بتایا کہ ای ڈرائیونگ لائسنس میں کلرڈ تصویر، ایڈریس اورڈرائیونگ لائسنس کی مکمل تفصیل بھی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی سربراہی میں پنجاب ٹریفک پولیس جدت کی طرف گامزن ہے، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کی کاوشوں سے پاکستان میں پہلی بار ای ڈرائیونگ لائسنس کا آغاز کر دیا گیا جسے عوام الناس کی طرف سے بھر پور انداز میں سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک ڈرائیونگ لائسنس میں کیو آر کو ڈ کی سہولت بھی متعارف کروائی گئی ہے جسے کوئی بھی ٹریفک پولیس آفیسر با آسانی تصدیق بھی کر سکتا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عوام الناس کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے،ون ونڈولائسنسنگ سسٹم،الیکٹرانک ڈرائیونگ لائسنسنگ،ریڈیو اسٹیشن88.6، ای چالاننگ سسٹم وغیرہ ٹریفک پولیس کے ویژن کے اہم حصے ہیں۔