راولپنڈی۔ 05 مئی (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی کے زیر اہتمام مصوری کی نمائش کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ نوجوان آرٹسٹ محمدقاسم کی کتاب پڑھنے کے ختم ہوتے ہوئے کلچرپرمبنی یہ نمائش کتب کے اعلیٰ ثقافتی ورثے پر مبنی تھی، جسے فنونِ لطیفہ کے شائقین، طلباء اور معززین نے سراہا۔پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کی چیئرپرسن ڈاکٹر نجیبہ عارف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں اورمحمدقاسم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش کتابوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی ایک شاندار کوشش ہے، جو ہمارے علمی اور ادبی ورثے کا عکاس ہے۔
ڈاکٹرنجیبہ عارف نے مزید کہا کہ بصری فن کے ذریعے کتابوں کے کلچر کو فروغ دینا ایک مؤثر اور تخلیقی طریقہ ہے جس سے نوجوان نسل میں مطالعے کا شوق پیدا ہو سکتا ہے۔پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے ڈائریکٹر سجادحسین نے بھی خطاب کیا اور محمدقاسم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ نمائش بصری فن اور ادب کے امتزاج کا خوبصورت مظاہرہ تھی، جو شرکاء کے ذہنوں پر دیرپا اثر چھوڑ گئی۔محمدقاسم کے بنائے ہوئے مصوری کی نمائش میں سینئرآرٹسٹ محمدعظیم اقبال، شفیق الرحمان، شامی چانڈیہ، سینئرشاعرہ فرخندہ شمیم، یونس رومی سمیت لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593001