ساہیوال۔ 22 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیرسید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عید کے دوران ایسی بے مثال صفائی دیکھنے میں آئی، جسے عوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز نے جانفشانی سے کام کرتے ہوئے شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ ان کی محنت اور خدمات کا اعتراف کرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے سینٹری ورکرز میں دس، دس ہزار روپے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم، قائم مقام کمشنر شاہد محمود، سابق ایم این اے چوہدری محمد اشرف، سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب بھی اس اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیرپیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ہم ایک صاف، صحت مند اور خوشحال پنجاب کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حکومتِ پنجاب کی سطح پر صفائی عملے کو اس طرح سے مالی و اخلاقی طور پر سراہا گیا ہے، جو ایک خوش آئند روایت کی شروعات ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے اعزازیہ ورکرز کی محنت کا اعتراف ہے۔
ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ ہمیں ستھرا پنجاب عملے پر فخر ہے آپکا جتنا شکریہ اداکیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے گلی،محلوں کی صفائی کے لئے ہر ایک شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور انتظامیہ کا ساتھ دینا چاہیے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔سی ای او ساہیوال واٹراینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی نے کہا کہ کمپنی شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں بھی صفائی یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صفائی کے حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی عملہ سے تعاون کریں تاکہ صفائی یقینی بنائی جاسکے۔