لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13سپیشل اکنامک زون بننے سے صنعتی انقلاب آئے گا۔یہاں بدھ کے روز جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خصوصی طورپر صنعت و تجارت کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صنعت و تجارت کا بے پناہ پوٹینشل موجودہے، تاجر اور صنعتکار برادری کیلئے بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کیا گیا ہے، مظفر گڑھ میں ملکی تاریخ کاسب سے بڑا انڈسٹریل زون بنا نے کی منصوبہ بندی کر لی ہے،اس صنعتی زون کے قیام سے علاقے کی معاشی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت کے لئے اراضی فراہم کی جائے گی اور ڈیرہ غازی خان میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے، صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بزدار حکومت کا ویژن اور کاوشیں لائق تحسین ہے، پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول پیدا ہونے سے ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہاہے۔