پنجاب کی ترقی پی ٹی آئی و پراپیگنڈہ کرنیوالوں کو ہضم نہیں ہو رہی ،8 فروری کے انتخابات بارے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی،مریم اورنگزیب

75
Maryam Aurangzeb

 لاہور۔8فروری (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی پی ٹی آئی اور پراپیگنڈہ کرنے والوں کو ہضم نہیں ہو رہی ،مخالفین بھی پنجاب حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کے معترف ہیں،عوامی مینڈیٹ کی واپسی سے ہی ملک ترقی کی جانب گامزن ہے ،8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ،پی ٹی آ ئی کی نا اہلی اور بیڈگورننس کا خمیازہ پاکستانی عوام نے بھگتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں 35 سال کے بعد ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،9 سے 23 فروری تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کل فورٹرس سٹیڈیم میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح کریں گے، ایونٹ میں 14 انٹرنیشنل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ،رستم پنجاب سمیت دیگر صوفی فیسٹیول اور پنجاب کے روایتی کھانے اور فوڈ فیسٹیول بھی اس کا حصہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میلوں کا رنگ پھیلا ہوا ہے،ہمارے کلچرل اور ثقافتی ورثہ کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 4 ماہ سے مختلف ادارے کام کر رہے تھے ،ہمارے سپورٹس اور کلچر کے وزرا ءکو بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ نوجوانوں کے لیے پروگرام مرتب کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور میں مسلم لیگ ن نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے ملک کو اندھیروں سے نکالا جبکہ پی ٹی آ ئی کے دور حکومت میں پاکستان کو دوبارہ اندھیروں میں ڈبو دیا گیا ، سی پیک کے منصوبے بند کر دیئے گئے،دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا اور ملکی ترقی رک گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی مدبرانہ قیادت میں ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر چار فیصد پر آگئی،عوام کو ریلیف دینا ہمارا مشن ہے،گندم کی خریداری کو ہمیشہ ایشو بنایا جاتا تھا،پنجاب اب واحد ملک ہے جہاں روٹی بارہ روپے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے دور میں ہمسایہ برادر ممالک نے پاکستان کے ساتھ منقطع کر لئے جس سے پاکستان کی خاجہ پالیسی کمزور ہو گئی لیکن اب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بار پھر بحالی ہوئی ہے،اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کراس کرگئی،آئی ٹی منصوبے لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین بھی کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی بہترین ہے،عوامی مینڈیٹ کی واپسی سے ہی ملک ترقی کا جانب گامزن ہے ،8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی نے اپنے دور میں صرف اعلانات کئے عملی کام کوئی نہیں کئے،ایک کروڑ نوکری ملنی تھی مگر کچھ نہیں ملا، جومفت دوائی محمد شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو دینا شروع کی وہ پی ٹی آ ئی کے دور میں بند رہی لیکن مفت دوائی اب دوبارہ مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالرشپ کا دائرہ کار پنجاب سے دیگر اضلاع میں بڑھایا جارہا ہے،سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات عملی طور پر نظر آرہے ہیں،بی ایچ کیوز کی ری ویمپنگ کا منصوبہ مکمل ہورہاہے،آئی ٹی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے لوگوں کے گھروں سے کوڑا اٹھا کر ویسٹ جگہوں پر پھینکا جا رہا ہے، شہروں اور دیہاتوں کے گلی، کوچوں کی صفائی ہو رہی ہے ، پی ٹی آ ئی کے دور میں پنجاب میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایسا کوئی منصوبہ لانچ نہیں کیا گیا ۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج موجودہ حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر نہ صرف پنجاب بلکہ پوری پاکستانی قوم تعمیر و ترقی کا جشن منا رہی ہے جبکہ پی ٹی آ ئی اس پر صوابی میں یوم سوگ منا رہی ہے ، حکومت کا کام خدمت کرنا اور اس پرجشن منا نا عوام کا کام ہے ۔