لاہور۔1نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا 16 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ضیااللہ شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس سدرہ سلیم،ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب و دیگر افسران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر،فیکلٹی ممبران و سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔
متعلقہ افسران نے سینڈیکیٹ اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔اجلاس میں ہولی فیملی ہسپتال کو بلڈنگ اور طبی سامان کی خریداری کی اجازت دی گئی، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو پیمنٹ کرنے کی اجازت دی گئی ۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کو انیستھیزیا ورک سٹیشنز کی خریداری کی اجازت بھی دی گئی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ تمام سرکاری ہسپتالوں کو سولر پینل پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔طبی درسگاہوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔حکومت پنجاب سرکاری طبی درسگاہوں میں طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔