پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کا اجلاس،راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ

116
پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کا اجلاس،راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ
پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کا اجلاس،راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ

لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹرمنیجمنٹ نے راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلعے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے کابینہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منگل کو سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کی ، صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ترجمان محکمہ ہیلتھ کیئر کےمطابق کابینہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ شرح اموات کم سے کم رکھنے کےلئے ڈینگی مریضوں کی کلینیکل منیجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اورٹیکنیکل گروپ راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث اموات اورزیر علاج مریضوں میں مرض کی شدت کی وجوہات کا تعین کرے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ راولپنڈی میں سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش کم ہونے پر نجی ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کا بندوبست کیا جائے، ٹیکنیکل گروپ راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث اموات اورمرض کی شدت کی وجوہات کا تعین کرکے رپورٹ بھجوائے۔

انہوں نے ڈینگی بارے آگاہی بڑھانے کےلئے خصوصی مہم شروع کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کےلئے آئندہ ایک ماہ کا ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہترسرویلنس کی وجہ سے لاہور میں ڈینگی کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، محکموں کو الرٹ رہنا ہوگا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈینگی مریضوں کے بہتر علاج معالجے کےلئے راولپنڈی میں سرکاری ہسپتالوں کی استعداد میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات اورضروری سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام درکار وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کےلئے مستند ڈیٹا کی دستیابی نہایت ضرور ی ہے، ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد بہتر لائحہ عمل اختیار کیا جا سکتا ہے۔سیکرٹری پرائمری صحت نادیہ ثاقب اورڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔نادیہ ثاقب نے بتایا کہ رواں سال صوبے میں اب تک ڈینگی کے 1724 کنفرم کیسز اور سات اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں 29نجی ہسپتالوں کو متبادل انتظام کے طور پر رکھا گیا ہے، ڈینگی مریضوں کی رپورٹنگ نہ کرنے پر 142نجی کلینکس کو سر بمہر کیا گیا ہے۔بلدیات، تعلیم سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ راولپنڈی اور فیصل آباد کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔