پنجاب کی 26 تحصیلوں میں 10ہزار سے زایدگھر بنائے جا رہے ہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

52

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا کہ کسی حکومت نے اپنے وعدوں کی تکمیل کا بیڑہ اٹھایا اور عملی اقدامات کرتے ہوئے غریب، نادار اور مستحق طبقے کو اس کے اپنے چھت کی فراہمی سمیت لنگر خانے، پناہ گاہیں، احساس پروگرام،ضعیفوں کے لئے امدادی پروگرام جیسے اقدامات سنجیدگی سے شروع کر دیئے۔ آج یہ عالم ہے کہ عوامی امنگوں اور امیدوں پر پورا اترتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت اپنے ایجنڈے کے تحت پورے ملک میں یکساں ترقی اور غریبوں کے لئے خصوصی امدادی منصوبوں پر نہایت یکسوئی اور تندہی سے عملدرآمد کرتی ہوئی پہلی دفعہ محروم طبقے کے لئے حقیقی تبدیلی کے خواب کو عملی شکل دینے میں مصروف نظر آتی ہے۔

پنجاب کی 26 تحصیلوں میں 32 مقامات پر 10120 گھر بنائے جا رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ 10 مقامات رائیونڈ، چونیاں، منڈی بہاالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاسنگ پراجیکٹ کی تعمیر کے افتتاح سے آغاز بھی ہو چکا ہے۔ باقی تحصیلوں میں بھی مناسب مقامات کی نشاندہی کے لئے کام جاری ہے۔ صرف یہی نہیں کہ لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کے لئے ایک پلان بنا کر عمل شروع کیا گیا ہے بلکہ حالات کے مطابق اپنے منشور کی روشنی میں پچاس لاکھ گھروں کی فراہمی کے لئے ہمہ جہتی منصوبے کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش بھی جاری ہے۔ پلاٹ کو تین کے بجائے ساڑھے تین مرلے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

مکان کی قیمت کی ادائیگی کی شرائط کو مزید نرم اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ لاکھوں روپے مارکیٹ ویلیو والی جگہ کی امدادی قیمت 30 سے 35 ہزار روپے فی مرلہ رکھ کر ہر پاکستانی کی پہنچ میں لایا جا رہا ہے۔وہ اے پی پی سے خصوصی بات کر رہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں کروڑوں لوگوں کو آج بھی اپنی آمدنی اور تنخواہ کا بڑا حصہ کرائے کے مکانوں کے لئے خرچ کرنا پڑتا ہے وزیراعظم کا لاکھوں گھر بنا کر عوام کو دینے کا عزم معمولی بات نہیں۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیراعظم عمران خان کی ملک کے دوسروں صوبوں میں ٹیم اپنے لیڈر کے بیانیے کو پیش نظر رکھ کر لوگوں کو اس بنیادی ضرورت کی فراہمی کا کام عبادت سمجھ کر کر رہی ہے۔ اس میں ہر طرح کی سیاست کو ایک طرف رکھ کر تمام شہریوں کو معیاری مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ماضی کی ڈنگ ٹپا پالیسیوں یا دکھاوے کے پروجیکٹوں کی بجائے یہ وہ کام ہے جس کے سیاسی ثمرات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکتے۔

اس لئے گھروں کی فراہمی کے ان منصوبوں کو عبادت ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ عوامی خدمت کے اور بھی بہت سے ایسے منصوبے ہیں جن کوموجودہ سیاسی قیادت نے کسی تشہیر کے بغیر مکمل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا 50لاکھ گھروں کا وعدہ تیزی سے حقیقت میں بدل رہاہے۔ لاہور میں 35 ہزاراپارٹمنٹس پراجیکٹ کے پہلے فیز کا آغاز ہو چکا ہے اور 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایل ڈی اے سٹی ہاسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے جبکہ پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاوسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کی26 تحصیلوں میں 32مقامات پر 10120 گھر بنائے جا ئیں گے۔

اللہ تعالی کے فضل و کرم سے 10 مقامات رائیونڈ، چونیاں، منڈی بہاالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاوسنگ پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی دیگر تحصیلوں میں بھی اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے کیلئے کام جاری ہے اور اس پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید تحصیلوں تک وسیع کریں گے اوربہت جلد یہ منصوبہ دیگر تحصیلوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ گھر کا رقبہ 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے اور کل امدادی قیمت 30 سے 35 ہزار روپے فی مرلہ رکھی گئی ہے جبکہ اس رقبہ کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں روپے میں ہے۔

پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاوسنگ پراجیکٹ کے تحت ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریبا14لاکھ 30 ہزار روپے ہے جبکہ درخواست گزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے جمع کرائے گا- تعمیرات کیلئے باقی رقم تقریبا 10 لاکھ روپے بینک آف پنجاب فراہم کرے گا اورماہانہ قسط تقریبا 10ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ حکومت پاکستان/NAPHDA ہر گھر کیلئے 3لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی- اس طرح 14لاکھ روپے مالیت کا گھر صرف 11لاکھ روپے میں ملے گا جبکہ زمین پر دی گئی سبسڈی اس کے علاوہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ غریب کو گھر فراہم کرنا کار خیر ہے’شفافیت اور کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے پرائم منسٹرافورڈایبل ہاوسنگ پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کے سپرد کی گئی ہے۔

صوبائی کابینہ اس پراجیکٹ کے 32مقامات کیلئے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے 3ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے جس سے سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے بینرتلے عوام کو سستی رہائشی سہولتیں دینے کا کام ایک جہاد سمجھ کر کیا جا رہا ہے- انشااللہ اس میں ہم سرخرو ہو ں گے اور یہ اس خواب کی تکمیل ہے جس کا وعدہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیاہے۔