لاہور۔26اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی ۔فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں، دریائوں، ڈیمز اور سیلابی صورتحال بارے اعدادوشمار شامل ہے ۔ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نارووال میں 103 ملی میٹر ،قصور 96، لاہور 38، گجرات 16، گجرانوالہ13 اور مری میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں، بارشوں کا آٹھواں سپیل 27 اگست تک جاری رہے گا ۔بالائی پنجاب کے اضلاع مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے ولنرایبل اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا اور تونسہ کے مقام پر پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہائو 90 ہزار کیوسک اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہائو 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تربیلا ڈیم100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم76 فیصد تک بھر چکاہے۔ بھارتی ڈیمز میں بھاکڑا 80، پونگ87 اور تھین ڈیم 85 فیصد تک بھر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران ریسکیو و ریلیف ادارے فیلڈ میں موجود رہیں۔شہریوں سے اپیل ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بچوں کا خیال رکھیں، انہیں برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریائوں اور نہروں میں ہرگز مت نہانے دیں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ۔