پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے، ترجمان

پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔

لاہور۔8اگست (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم ، راوی اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہائو بھی نارمل ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،کالا باغ میں3 لاکھ51 ہزار کیوسک ،چشمہ میں3 لاکھ12 ہزار اور تونسہ میں پانی کا بہائو3 لاکھ30 ہزار کیوسک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں، جن میں تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ڈی جی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔دریائوں ،نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔