پنجاب کے تمام دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہا ئو نارمل، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ،ترجمان پی ڈی ایم اے

123
PDMA Punjab
PDMA Punjab

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):پنجاب کے تمام دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہائو نارمل،بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان،خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے2 شہری جاں بحق ہو گئے ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیمز اور بیراجز میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے ،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 58 فیصد اور تربیلا میں69 فیصد ہے جبکہ ستلج ،بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 39 فیصد تک ہے۔مون سون بارشوں کا سلسلہ31 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ آ ئندہ24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔

ڈی جی پی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ولنرایبل اضلاع میں ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے التماس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،گزشتہ روز خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے2 شہری جاں بحق ہوئے،خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو نہ چھویں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔