پنجاب کے تمام دریا اور بیراجز میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے ، بھارت کی جانب سے کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا ۔ترجمان

پنجاب کے تمام دریا اور بیراجز میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے ، بھارت کی جانب سے کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا ۔ترجمان

204
flow of water

لاہور۔17اگست (اے پی پی):پنجاب کے تمام دریا اور بیراجز میں پانی کا بہا نارمل سطح پر جبکہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ترجمان ارسا و محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے فی الوقت کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا جبکہ آئندہ چند روز میں بھی بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے لیول پراخراج کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب کے تمام دریا ئوں اور بیراجز میں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ،ڈیرہ غازی خان رود کوہیوں کی صورتحال بھی نارمل لیول پر ہے۔ دریائے چناب اور جہلم میں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 60 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 38 ہزار کیوسک ہے۔ خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 79 ہزار کیوسک اور اخراج 71 ہزار کیوسک ہے۔ قادر آباد میں پانی کی آمد 79 ہزار اور اخراج 61 ہزار کیوسک ہے۔

تریموں اور پنجند کے مقام پر بھی پانی کا بہا نارمل لیول پر ہے۔ دریائے راوی اور ستلج میں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا میں 99 فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح اوسطاً 50 فیصد تک ہے۔ بھاکڑا ڈیم کی سطح 54 فیصد، پونگ کی 53 فیصد اور تھین ڈیم کی سطح 26 فیصد تک ہے۔ ترجمان ارسا و محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے فی الوقت کوئی پانی نہیں چھوڑا گیا۔ آئندہ چند روز میں بھی بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے اخراج کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی 2 لاکھ کیوسیک ریلے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔