پنجاب کے تمام شہروں میں لنگرخانوں،سبیلوں پر اشیا خورونوش کی چیکنگ کی جائے گی،ڈی جی فوڈ اتھارٹی

109
Punjab Food Authority

لاہور۔15جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عوام کے لیے محرم الحرام میں خصوصی اقدام کا اعلان کردیا جس کے تحت عاشورہ کے دنوں میں سبیلوں، لنگرخانوں اور پکوان سنٹرز کی چیکنگ کا آغاز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئیں جو صوبہ بھر میں 9اور 10محرم کو ٹیمیں 2شفٹوں میں کام کریں گی۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی نے بتاتے ہوئے کہا کہ سپیشل فوڈ سیفٹی ٹیمیں سبیلوں، لنگر خانوں اور پکوان سنٹرز کی چیکنگ کریں گیں۔پکی پکائی دیگیں فروخت کرنے والے پکوان سنٹرز کی چیکنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ پنجاب کے تمام شہروں میں لنگرخانوں،سبیلوں پر اشیا ءخورونوش کی چیکنگ کی جائے گی، دودھ کی سبیلوں پر استعمال ہونے والے دودھ کی جدید لیکٹو سکین مشینوں سے چیکنگ کی جائے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ ناقص اشیا کے استعمال سخت ایکشن لیا جائے گا، کسی بھی موقع پر عوام تک پہنچنے والی خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ناقص خوراک تیار ی یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔