فیصل آباد۔ 19 جولائی (اے پی پی):حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھرکے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نرسز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر 3 ہزار فی میل چارج نرسز بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بیچ 2024 کے نام سے مذکورہ چارج نرسز کی مستقل بنیادوں پر بھرتی گریڈ16 میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی جس میں تمام کوٹہ جات کی سیٹیں بھی شامل ہیں۔
سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکشن آفیسر (این سی2)عبدالجبار کی جانب سے اس ضمن میں سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن لاہور کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں خواتین نرسز کی کمی کو پورا کرنے اور شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے 3000 مستقل چارج نرسز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کا پراسیس شروع کیا جا ئے تاکہ قواعد و ضوابط کے تحت بھرتی ہونیوالی نرسز کی جلد از جلد ہسپتالوں میں تقرری یقینی بنائی جاسکے۔