35.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومزرعی خبریںپنجاب کے شمالی اضلاع میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 15اکتوبر...

پنجاب کے شمالی اضلاع میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 15اکتوبر تک ہے،ماہرین جامعہ زرعیہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 24 ستمبر (اے پی پی):پنجاب کے شمالی اضلاع سیالکوٹ،گجرات،جہلم،راولپنڈی،اٹک اور چکوال میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 25 ستمبر سے 15 اکتوبر تک ہے تاہم تھل کے علاقہ میں اکتوبر کا پورا مہینہ چنے کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوآگاہ کیا کہ چنے کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85 سے 95 ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے جبکہ پودوں کی مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کے لیے 20 سے 30 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کر نا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار موٹے دانے والی اقسام کیلئے 30کلو گرام، درمیانے دانے والی اقسام کیلئے 25 کلو گرام اور باریک دانے والی اقسام کیلئے 20 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیج صاف ستھرا،خالص اور صحت مند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وقت پر کاشت کی جانیوالی فصل زیادہ پیداوار دیتی اور اگیتی کاشت نباتاتی بڑھوتری کا سبب بنتی ہے جبکہ پچھیتی کاشت سے پودے کم نشوونما پاتے ہیں جس سے پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں چنے کی منظور شدہ سفید یا قابلی اقسام سی ایم 2008، نور 2009، ٹمن اور نور 91وغیرہ اور دیسی چنے کی اقسام پنجاب چنا 2000، بلکسر2000 اور ونہار 2000 وغیرہ کاشت کرنے کی ہدائت کی اور کہا کہ وقت پر کاشت کی جانے والی فصل زیادہ پیداوار دیتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ صوبہ پنجاب کے شمالی اضلاع سیالکوٹ،گجرات،جہلم،راولپنڈی،اٹک اور چکوال میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 25 ستمبر سے 15اکتوبر تک جبکہ تھل کے علاقہ میں اکتوبر کا پورا مہینہ چنے کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار بارانی علاقہ جات میں بہتر پیداواری صلاحیت کی حامل اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایاکہ چنا موسم ربیع کی ایک اہم فصل ہے اور چونکہ چنے کی فصل خشک سالی کا کافی حد تک مقابلہ کر سکتی ہے اسلئے اس کو عام طور پر بارانی علاقوں میں کاشت کیاجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں چنے کے زیر کاشت کل رقبے کا تقریباًنوے فیصد بارانی علاقوں پر مشتمل ہے نیز چنے کو دوسری نشاستہ دار اجناس مثلاًگندم،چاول اور مکئی پر غذائی لحاظ سے فوقیت حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چنے میں پائے جانے والے لحمیات اور معدنی اجزاء گو شت و انڈے سے کسی طرح کم نہیں جو ہمارے جسم کی نشوونما کیلئے بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چنا انسانی غذا کو متوازن بنانے کے علاوہ دودھ دینے اور باربرداری کیلئے استعمال ہونے والے جانوروں کو اہم غذا فراہم کرتا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=505134

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں