اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ ن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے۔
پنجاب کی ان 16 صوبائی نشستوں پر مسلم لیگ ن کو مزید مضبوط کریں گے، تاریخ میں یہ پہلے ضمنی انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ امید ہے عمران خان الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے تضحیک آمیز رویئے پہ معذرت کریں گے۔پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات اور جمہوری اقتدار کی پاسداری پر پختہ یقین رکھتی ہے اور گزشتہ روز کا انتخاب اسی کا عملی مظاہرہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب کے پاس وفاق اور پنجاب کی حکومت تھی تو دھاندلی کے ریکارڈ بنائے اور تین اپریل کو اقتدار بچانے کے لئے آئین توڑا، اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے وفاق اور پنجاب میں اقتدار کا استعمال الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کرنے، آئین پر حملے اور آئین شکنی کے لئے استعمال نہیں کیا۔