پنجاب کے8اضلاع میں فوری دفعہ 144 کانفاذ، نوٹیفیکیشن جاری

104
Section 144
Section 144

لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے صوبے کے8 اضلاع میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

جمعرات10 اکتوبر سے ہفتہ 12 اکتوبر تک ان تمام اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے اور احتجاج جیسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا۔ نوٹیفیکیشن میں درج ہے کہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔

امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔