لاہور۔11فروری (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکنیکل ونگ اور پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں دونوں شعبوں میں خالی آسامیوں پر بھرتی اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
سپیشل سیکرٹری صالحہ سعیداور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری عمران سکندربلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کسی بھی ہیلتھ ایمرجنسی بارے قبل از وقت الرٹ جاری کرے۔ بروقت الرٹ سے بیماری کے پھیلا ئو کو روکنے اور صورتحال پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں جامع حکمت عملی کیلئے مستند اعدادو شماربڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر تمام شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کو متعارف کروانے جا رہا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن میں آن جاب ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں تمام مروجہ قوانین کا جائزہ لیا جارہا ہے اور ان قوانین میں ترمیم اور بہتری لائی جارہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں محفوظ علاج معالجے کیلئے سرولینس بہتر کی جارہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی ڈاکٹرز اور نرسوں کی خالی آسامیوں پر فوری ایڈہاک پر بھرتی کی جائے۔
سیکرٹری صحت نے کہا کہ پنجاب ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام تمام ہیپاٹائٹس کلینیکس پر متعلقہ ادویات کی فراہمی کویقینی بنائے۔پنجاب بھر سے ہیپاٹائٹس کاخاتمہ یقینی بنانے کے لیے ڈیٹا باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور متعلقہ پروگرام ڈائریکٹر باقاعدگی سے ہسپتالوں اور کلینکس کادورہ کریں کیونکہ عوام کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=295341