لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے تعلیمی فضیلت اور معاشرتی بھلائی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جس کی میزبانی پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک نے کی۔ معاہدے پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، اور پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی پرووسٹ یو ایم ٹی نے دستخط کئے جبکہ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عظمی عاشق، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
یہ شراکت داری مشترکہ تحقیق، فیکلٹی اور طلبا کے تبادلے، سیمینارز ، کانفرنسوں، اور پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جیزکے ساتھ منسلک معاشرتی منصوبوں پر مرکوز ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے سماجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے کردار پر زور دیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے جدت اور سماجی اثرات کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ وژن پر روشنی ڈالی۔ شعبہ سوشل ورک اس تعاون کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی نقطہ کے طور پر کام کرے گا۔