پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سپورٹس گالا کا آغاز

193

لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمدعلی نے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام دو روزہ سپورٹس گالا کا افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی جمنیزیم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پرووائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، صدرآسا ڈاکٹر امجدعباس مگسی، سیکرٹری ڈاکٹر محمد اسلام و دیگر عہدیداران،ممبران سینڈیکیٹ ڈاکٹرمحمد ناصر، ڈاکٹر ذیشان مطاہر، ڈاکٹر عاشی ذیشان، ڈاکٹر عامر مسعود، یونیورسٹی اساتذہ اور فیملیز نے شرکت کی۔ دوروزہ سپورٹس گالا میں کرکٹ،بیڈمنٹن،رسہ کشی،شطرنج اور ریس سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔

گالا میں فیملیز کے کھانے پینے کیلئے فری سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ پہلے روز رسہ کشی کا مقابلہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ٹیم نے جیت لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں صحت مند تعلیمی ماحول کے لئے لازمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کو سارا سال ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کرنا چاہیے۔صدر آسا امجد عباس مگسی نے کہا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ انہیں تفریحی مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹرمحمد اسلام نے کہا کہ کھیل انسان کو ہار جیت سکھاتے ہیں۔سپورٹس گالابروز ہفتہ (آج) جاری رہے گا۔