لاہور۔23جون (اے پی پی):وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی کے ویژن کے تحت سماجی خدمت کو فروغ دینے کے لئے پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام 65 شعبوں میں سماجی خدمت و ترقی کا منصوبہ شروع ہوگیا۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کے طلبا طالبات موسم گرما کی چھٹیوں میں 28 اگست تک مختلف سماجی شعبوں میں کام کریں گے۔ ان منصوبوں میں یوٹیوب چینلز کا آغاز، شجرکاری، بچوں کو مصنوعی ذہانت کے سوفٹ وئیر سکھانا،مقامی تنازعات کو حل کرنے میں مدد کرنا، فنون لطیفہ یا ویڈیو گرافی کی تعلیم،ہسپتالوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دینا، پانی کی رسائی کو بہتربنانا، مقامی بک کلب شروع کرنااور نوجوانوں کی رہنمائی کرنا شامل ہے۔
ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ ڈاکٹر شاہزیب خان کے مطابق سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے والے طلبا و طالبات کی رہنمائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ طلبا طالبات کے بہترین منصوبوں کی نمائش اور ایوارڈ کی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں کامیابی پانے والے منصوبوں کو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی انعامات سے نوازیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباطالبات اکیلے یا چھوٹی ٹیموں میں کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی ترقی کے منصوبوں میں شامل طلباطالبات اپنی سرگرمیوں کی ریکارڈنگ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے ویژن کے مطابق پنجاب یونیورسٹی معاشرے کی بہتری میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔