لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی کے 9 سینئر پروفیسرز، ڈینز اور شعبہ جات کے سربراہان پر مشتمل وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی قیادت میں چین کی جیانگ شی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق چین کی جیانگ شی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی8 یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔پنجاب یونیورسٹی کے وفد نے علمی اور تحقیقی تعاون کے مواقع تلاش کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات اور لائبریری کا دورہ کیا۔کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے مشاورتی بورڈ نے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مرکز کو مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم کے طور پر کام کیا،جس سے مستقبل میں فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ سائنسی تحقیق تعاون پر مبنی تعلیم اور عوام سے عوام کے تبادلے جیسے شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کی راہ ہموار ہوئی ۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے چیانگ شی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے طلبہ کے بہترین مستقبل اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوطی کی طرف لے جاتے ہوئے مل کر کام کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہمیں امید ہے کہ چین میں جامعات کے ساتھ کی گئی مفاہمتی یاداشتوں سے ہمارے اساتذہ و طلبہ جلد مستفید ہوں گے۔