پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے تین اداروں کے ساتھ معاہد وں پر دستخط

150

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر نے پاکستان سٹڈی سنٹر،کراچی یونیورسٹی،ایریا سٹڈی سنٹر جامشورو یونیورسٹی،سندھ اور سنٹر فار ساوتھ ایشین سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی تین یاد داشتوں پر دستخط کئے ہیں۔اس سلسلے میں پاکستان سٹڈی سنٹر کے کمیٹی روم میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر نعمانہ کرن،انچارج پاکستان سٹڈی سنٹر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر ارم مظفر،ڈائریکٹر ایریاسٹڈی سنٹر جامشورو یونیورسٹی سندھ ڈاکٹر مکیش کمار اور ڈائریکٹر پی یو سنٹر فار ساوتھ ا یشین سٹڈیز ڈاکٹر ناہید ایس گورائیہ نے دستاویزات پر دستخط کیے۔

ایم او یوز کے مطابق سنٹر نے قومی اور بین الاقوامی مسائل کی بہتر تفہیم کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں،فیکلٹی،تحقیقی عملے اور گریجویٹ طلبا کے تبادلے کے پروگراموں پر اتفاق کیا۔سنٹرز نے دلچسپی کے شعبوں میں معلومات کے تبادلے،سیمینارز، کانفرنسوں،گول میز گفتگو،مکالمے اور علمی ملاقاتوں میں شرکت پر مل کر کام کرنے کا معاہدہ کیا۔ادارے پوسٹ گرایجویٹ ڈگری کی جزوی تکمیل،علمی مواد،اشاعتوں،لائبریری کی کتابوں تک رسائی کے طور پر کئے جانے والے تحقیقی کام کی نگرانی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔