لاہور۔22فروری (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام اسلامک آرٹس اینڈ آرکیٹیکچرکے موضوع پر چوتھا اسلامک انٹرنیشنل فیسٹیول اور بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایرول کلیچ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، اسلامک آرٹ فیسٹیول کے بانی عرفان احمد قریشی، ماہر تعمیرات اور سکالر کامل خان ممتاز، کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ نسیم اورآرٹسٹس سمیت طلبا طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس تقریب نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے شرکا کواسلامی فن اور فن تعمیر کے بھرپور ورثے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔تقریب کی خاص بات پروفیسر ڈاکٹر محمود ایرول کلیچ کی موجودگی تھی، جو استنبول، ترکیہ میں اسلامی تاریخ، فن اور ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ان کی بصیرت اور شراکت نے کانفرنس کے مباحثوں کی اہمیت میں اضافہ کیا۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے منتظمین اور شرکا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی فن، فن تعمیر کی ثقافت اور تاریخ کو فروغ دینے میں ایسی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب ایک شاندار آرٹ نمائش کے ساتھ جاری رہی، جس میں کئی نامور فنکاروں اور اعلی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے کاموں کی نمائش کی گئی۔ڈاکٹر ثمینہ نے کہا کہ کالج علمی فضیلت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور یہ کانفرنس فکری سفر میں ایک اور سنگ میل ہے۔انہوں نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر اپنی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564882