پنجاب یونیورسٹی کیمب کے زیر اہتمام پانچ روزہ ڈی این اے پر تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب

134
Punjab University

لاہور۔4فروری (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار اپلائیڈ مالیکیولر بیالوجی اور سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بیالوجی کے زیر اہتمام پر سیکونسنگ ڈی این اے پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بانی ڈائریکٹرکیمب پروفیسر ڈاکٹر شیخ ریاض الدین نے کی۔

تقریب میں ڈائریکٹر سی اے ایم بی پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق، سابق ڈائریکٹر سی ای ایم بی پروفیسر ڈاکٹر کوثر ملک، فیکلٹی ممبران اور پاکستان بھر کے مختلف اداروں سے ماہرین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر شیخ ریاض الدین نے شرکا کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق صابر اورمنتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں مالیکیولر بائیولوجی کے ایک اہم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ادا کیے جانے والے کردار پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں اس طرح کی ورکشاپس کے تسلسل کے لیے امید کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورکشاپ کے دوران حاصل ہونے والا علم ملک بھر میں مالیکیولر بائیولوجی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ڈاکٹر ریحان صادق نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ملک میں ڈی این اے کی ترتیب کی مہارت کو آگے بڑھانے میں ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ ورکشاپ میں سندھ یونیورسٹی جامشورو، بقائی میڈیکل یونیورسٹی، باچا خان میڈیکل کالج مردان سمیت دیگر اداروں سے شرکا نے خیالات کا اظہار کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر کوثر ملک نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شرکا اور منتظمین کو سووینئرز پیش کیے گئے۔