لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی کے پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام قائد اعظم کا پاکستان: عصری چیلنجز اور مستقبل کے موضوع پرمذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹرپروفیسر ڈاکٹر نعمانہ کرن، پاکستان سٹڈی سنٹر کراچی یونیورسٹی سے ڈاکٹر ارم مظفر، ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر جامشورو یونیورسٹی سندھ ڈاکٹر مکیش کمار، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشیئن سٹڈیز ڈاکٹر ناہید ایس گورایا،
ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امجد عباس مگسی، ڈاکٹر احمد اعجاز، فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر نعمانہ نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پاکستان بارے قائداعظم کے ویژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم پاکستان کو ایک جدید، مساوی اور جمہوری ریاست بنانا چاہتے تھے جو اسلام کے اصولوں یعنی برادرانہ مساوات، جمہوریت اورانصاف پر مبنی ہو۔
انہوں نے کہا کہ جناح نے وہ بنیادی اصول پیش کیے جن پر عمل کیا جائے تو قومی یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹر ارم مظفر نے قائد کے تصور کردہ سیاسی اقدار کے عمل پربات چیت اور ڈاکٹر مکیش کمار نے قائداعظم کے ویژن کی روشنی میں معاشی خود مختاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سی پیک جیسے منصوبوں سے قومی فوائد حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔