پندرہ ویں چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ منگل سے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی

101
15 ویں چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ منگل سے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی

کراچی/اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):15 ویں چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ منگل سے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی جو 6 نومبر تک جاری رہے گی۔چیمپئن شپ میں کل 23 میچ منعقد ہوں گے۔

چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ انٹرنیشنل رینکنگ پوائنٹس کی حامل ہے جس میں انٹر نیشنل رینکنگ والے 9 مقامی اور 15 انٹرنیشنل غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق 4 مختلف ممالک سے ہے جن میں مصر، ہانگ کانگ، امریکہ اور کویت شامل ہیں۔پہلی چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ سال2000 میں کھیلی گئی تھی جس کی انعامی رقم 6000 امریکی ڈالر تھی۔ رفتہ رفتہ اس انعامی رقم میں اضافہ ہوتا گیا تاکہ سکواش کے کھیل کو فروغ دیا جا سکے اور دنیا کے بہترین کھلاڑی اس کورٹ میں آکر اپنا کھیل پیش کریں۔

رواں برس اس چیمپئن شپ کی انعامی رقم 20000 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔پاک بحریہ کی سکواش کے کھیل سے وابستگی گہری اور پرانی ہے جو قیام پاکستان کے وقت سے ہی شروع ہو گئی تھی۔ابتدا میں سکواش کا کھیل منوڑہ کے ایک سنگل کورٹ سے شروع کیا گیا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی جانب سے انفرا اسٹرکچر میں بہتری لائی گئی تاکہ سینئر کھلاڑیوں اور نئے آنے والے کھلاڑیوں کے لئے بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور ورلڈ کلاس سکواش کمپلیکس ہے۔

سنگل کورٹ سے ورلڈ کلاس کمپلیکس تک کا یہ سفر کھیلوں کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کے باعث ممکن ہوا۔پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس کا نام سکواش کے دو عظیم کھلاڑیوں روشن خان اور جہانگیر خان کے نام پر رکھا گیا۔ اس سکواش کمپلیکس کا افتتاح 1991 میں ایڈمرل وائی ایچ ملک نے کیا۔

اس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کے 5 کورٹس موجود ہیں۔ علاوہ ازیں ایک جدید گلاس کورٹ بھی زیر تعمیر ہے جو اس کمپلیکس کو مزید بہتر بنائے گا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو 15 ویں چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ کی مدد سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے سے پاکستان کی کھیلوں سے لگاو اور ملک کے مثبت تصور کو اجاگر کیا جاسکے گا جو پاکستان کو دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کے لئے ایک محفوظ ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے کھیلوں کے فروغ میں پاکستان نیوی کا بھرپور ساتھ دینے پر اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان سکواش فیڈریشن اور سندھ سکواش ایسوسی ایشن کے تعاون کو بھی خوب سراہا۔