اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے پنشن نظام میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے اور اب ملک کو ’’ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن سسٹم‘‘ کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں پنشن کے بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
قومی اقتصادی سروے 2024-25ء کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ قومی خزانے میں ہونے والی لیکج (ضیاع) کو روکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 43 وفاقی وزارتوں اور 400 سے زائد ماتحت اداروں کی جامع رائٹ سائزنگ کریں گے تاکہ کارکردگی میں بہتری، اخراجات میں کمی اور گورننس کے نظام کو موثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت کی طویل مدتی پالیسیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد اقتصادی استحکام، مالی نظم و ضبط اور عوامی خدمات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔