سرینگر۔ 26 جنوری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین علی گیلانی نے کشمیری پنڈتوں کیلئے الگ کالونیوں کی تعمیر کے لیے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے آٹھ سو کنال اراضی کی نشاندہی کی خبروں پر سخت تشویش کرتے ہوئے کہا ہے یہ کشمیر کو دوسرا فلسطین بنانے کی ایک منصوبہ بند سازش ہے جسکے پیچھے ہندو انتہا پسند تنظم راشٹرکہ سوائم سیوک سنگھ کی مجرمانہ سوچ کارفرما ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ وادی کے مسلمان پنڈتوں کی اپنے گھروں کو واپسی کے مخالف نہیں البتہ انہیں الگ کالونیوں میں بسانے کا مقصد مقبوضہ علاقے کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کر کے تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جموںوکشمیر کے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں لہذا ان کی واپسی کا ہر سطح پر خیرمقدم کیا جائے گا لیکن وہ یہاں آکر اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ بودوباش اختیار کریں اور دونوں برادریاں ماضی کی شاندار روایات کو از سرِنو زندہ اور بحال کریں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ قابض انتظامیہ پنڈتو ں کو الگ کالونیوں میں بسانے کی سازش رچانے کے بجائے انہیںاتنی رقم مہیا کرے کہ وہ اپنے پرانے مقامات پر دوبارہ گھر بنالیں۔