اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):معیشت کی تعمیر میں معدنیات کی حصےداری کے فروغ کے لئے وزارتِ توانائی حکومت پاکستان کے زیرا نتظام منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور میرکل سالٹ ورکس کلیکٹو کارپوریشن وسکونسن (امریکہ) نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس نان بائنڈنگ ایم او یو میں "گلابی خوشحالی” کے مرکزی خیال کے تحت برآمدی مقاصد کیلئےجدید ترین گلابی پتھر والے نمک کی کرشنگ اور پیکیجنگ کی سہولت کی تجویز ہے۔
پی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹرانجینئر اسد احمد اور ایم ایس سی آئی کے سی ای او احمد ندیم خان نے جمعہ کو اپنی اپنی کمپنیوں کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (پٹرولیم ڈویژن) محمد حسن اقبال بھی موجود تھے ۔
مجوزہ پلانٹ ضلع میانوالی، پنجاب، پاکستان میں واقع سپیشل اکنامک زون میں لگایا جائے گا۔پنک راک سالٹ کی سہولت خصوصی طور پر نمک سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کرنے کے لئے ہے جو پاکستان کی غیر ملکی آمدنی میں خاطر خواہ حصہ ڈالے گی۔