لاہور۔22اپریل (اے پی پی):پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) کے باہمی اشتراک سے ”پن ٹیک ایکسپو” مقابلہ جات کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ایکسپو میں مختلف جامعات اور کالجز کے طلبا نے اپنے تخلیقی و تکنیکی پراجیکٹس کی نمائش کی، جس کا مقصد تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو فروغ دینا تھا۔ پروجیکٹ مقابلہ جات میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میکاٹرونکس اور بائیومیڈیکل ڈسپلن میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سول انجینئرنگ میں یو ای ٹی نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
وزیر تعلیم پنجاب، رانا سکندر حیات نے وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹرشاہدمنیراور فاتح ٹیم کو چیکس سے نوازا۔ ایکسپو میں ہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پراجیکٹس کو 5 لاکھ روپے اور دوسری پوزیشنحاصل کرنے والوں کو 2 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر نے کامیاب طلبا اور ان کے سپروائزرزکو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے طلبا میں تخلیقی صلاحیتیں ابھرتی ہیں اور انہیں صنعت کے ساتھ براہِ راست روابط قائم کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
پین ٹیک ایکسپو میں پنجاب بھر کی 48 یونیورسٹیوں اور 14 کالجز نے حصہ لیا، جس میں 640 سے زائد پراجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ نمائش میں کیمیکل، سول، مکینیکل، الیکٹریکل، آئی ٹی، طب، بائیومیڈیکل، زراعت، سائنس، سوشل سائنس اور دیگر شعبہ جات کے ماڈلز پیش کیے گئے۔ وزیر تعلیم نے ایکسپو کے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبا کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے انڈسٹری کو باصلاحیت نوجوانوں تک رسائی حاصل ہوگی اور نوجوانوں کو اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنانے کا موقع ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585778