اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ق لیگ اور ایم کیوٍ ایم پر کوئی شک شبہ نہیں ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ وہ حکومت کا ساتھ دینے کا وعدہ پورا کریں گی، حکومتی ارکان بھی سیاسی طور پر باشعور ہیں، وہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے ان کی سیاسی ساکھ متاثر ہو۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ چوہدری برادران بڑے باوقار، وضع دار اور ساتھ کھڑے ہونے والے لوگ ہیں، وہ کہہ چکے ہیں کہ ساتھ نبھائیں گے، حالیہ دنوں میں مونس الہی کا بیان بھی بڑا واضح ہے، انہوں نے بھی کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرویز الہی کو 1985ءسے جانتا ہوں، ہم اسمبلی اور کابینہ میں اکٹھے رہے ہیں، ان کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی کمٹمنٹ کو پورا کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا بیان نہیں سنا نہ اندازہ ہے کیا کہا گیا، لوگوں کی قیاس آرائیاں ہو سکتی ہیں ہر شخص کا اپنا اندازہ ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ میرے سامنے ق لیگ کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ مانگنے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایم کیو ایم کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم پر بھی کوئی شک نہیں ہے،
ایم کیو ایم پی کے رہنمائوں نے رواں ہفتے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا تھا اور اچھے ماحول میں بات ہوئی، ایم کیو ایم پی کے ایم این ایز کا اسمبلی میں گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے رویہ مثبت رہا ہے، انہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، پہلے بھی ان کے تحفظات دور کئے ہیں اور جو رہ گئے ہیں انہیں بھی دور کر لیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو بھی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوا ہے وہ اخلاقی،
آئینی اور قانونی طور پر تحریک عدم اعتماد پر حکومت کو ووٹ دینے کا پابند ہے، عام قانون سازی پر ارکان اپنی مرضی کر سکتے ہیں لیکن فنانس بل اور عدم اعتماد کے معاملے پر ارکان قانونی طور پر اپنی پارٹی کو ووٹ دینے کے پابند ہیں، کوئی ممبر اس وقت وفاداری تبدیل کرتا ہے تو اسے سیاسی طور پر بڑا نقصان ہو گا۔