پورٹ قاسم اتھارٹی صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنائے،وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری کی انتظامیہ کو ہدایات

9
Junaid Anwar Chaudhry

کراچی۔ 13 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے بندرگاہوں پر صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنے کے لئیے اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی پائیداری کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی انتظامیہ کو ہدایات کی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں تمام صنعتی علاقوں میں ماحول کی حفاظت کے لیے کوششیں تیز کرے اور صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام صنعتی یونٹس میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عدم تعمیل کی صورت میں ماحولیاتی قوانین کے تحت جرمانے عائد کیے جائیں تاکہ صنعتی آلودگی کو روکا جا سکے اور سمندری و ساحلی نظام کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے پورٹ قاسم کے عالمی گرین پورٹ منصوبے کے تحت 25,000 سے زائد مینگروو لگانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پودے کاربن جذب کرنے اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدامات پورٹ قاسم کی ماحولیاتی ذمہ داری اور سمندری شعبے کے لیے پائیدار، سبز مستقبل کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ حکومتی پالیسیوں کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں جو سمندری انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور سخت ماحولیاتی قوانین نافذ کرنے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت بندرگاہی حکام، صنعتی شراکت داروں، اور ماحولیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان کی بندرگاہیں موسمیاتی لچک اور سمندری تحفظ میں مثبت کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر کے احکامات صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنے کی حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں تاکہ پاکستان کے ساحلی علاقے اور سمندری حیاتیاتی تنوع کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے ماحولیاتی اقدامات خطے میں پائیدار بندرگاہی آپریشنز کے لیے ایک معیار قائم کرتے ہیں