پوری دنیامیں لوگ کامیابی کیلئے سکلزپرفوکس کرتے ہیں،آج پاکستان کو ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ تربیت یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے، رانامشہوداحمد

94
پوری دنیامیں لوگ کامیابی کیلئے سکلزپرفوکس کرتے ہیں،آج پاکستان کو ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ تربیت یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے، رانامشہوداحمد

فیصل آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخاں نے کہا کہ پوری دنیا میں لوگ کامیابی کیلئے سکلز پر فوکس کرتے ہیں،آج پاکستان کو ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ تربیت یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے،چین اور جاپان کی ترقی کا راز بھی ہنرمند نوجوان ہی ہیں،ہمارا اسلام کہتا ہے کہ اپنے ہاتھ سے کام کرنے والا اللہ کا دوست ہے،اب تک چھ لاکھ سے زیادہ بچوں کو انڈومنٹ فنڈ سے تعلیم دلوا چکے ہیں۔

وہ اوریئنٹل کالج فیصل آباد میں پرائم منسٹر یوتھ سکل پروگرام سیمینارسے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق،فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اسفندیار نصیر،ڈائریکٹر اوریئنٹل کالجز قاسم بٹر، کاشف نواز رندھاوا،صدر والینٹیئرفورس پاکستان عثمان رضا جولاہا، چیئرمین پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی،ایم ایس الفیصل ہسپتال ڈاکٹر حبیب بٹر و دیگربھی موجود تھے۔

رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ بہت سے مزدوروں کے بچوں کو حکومتی فنڈنگ سے تعلیم کا موقع دیاگیا ہے اور ہم پاکستان میں معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کررہے ہیں۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ ہم انڈومنٹ فنڈ کو پنجاب سے پاکستان بھر کے بچوں تک لے گئے ہیں جبکہ سکل ڈویلپمنٹ کے بعد بچوں کو نوکریاں بھی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم فری لانسرز کیلئے انٹرسٹ فری لیپ ٹاپ سکیم بھی لے کر آرہے ہیں۔

رانا مشہود احمدنے کہا کہ مریم نواز ایسی بیٹی ہے جس نے اپنے باپ کے مصائب میں اس کا ساتھ دیا،ہماری حکومت یہ عہد کرچکی ہے کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ ہم اس سال اڑھائی سو کو ورکنگ جگہوں کیلئے 75 لاکھ تک انٹرسٹ فری قرضہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنے ساتھ مخلص ہو جائیں اور اپنے ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے محنت کریں۔بعدازاں چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے دارالقران نزد کریسنٹ مل شیخوپورہ روڈفیصل آباد کابھی دورہ کیا جہاں اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر حافظ محمد امجد،،قاری حبیب الرحمن،قاری جمیل الرحمن،قاری عزیز الرحمن نے ان کا استقبال کیا۔علاوہ ازیں وہ جامعہ سلفیہ شیخوپورہ روڈبھی گئے جہاں مدرسہ مہتم پروفیسر علامہ قاری یاسین ظفر و دیگر نے ان کا استقبال کیا اور مدرسہ ہذاکی تعلیمی خدمات بارے بریفنگ دی۔

انہوں نے مدرسہ کی لائبریری سمیت دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت یونیورسٹیز،کالجز میں جو اقدامات اٹھا رہی ہے اس کا دائرہ کار مدارس تک بھی بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے بچوں کو بھی ان تمام یوتھ پرگرامز میں شامل کیا جائے گا جو دیگر تعلیمی اداروں میں کیے جارہے ہیں۔