پوری دنیا پاکستان اور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ، جنیوا کانفرنس میں توقع سے بڑھ کر ملا ، وفاقی وزیر داخلہ

106

لاہور۔10جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان اور اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ،پاکستان نے جو دنیا سے توقعات کی تھیں جنیوا کانفرنس میں اس سے ہمیں بڑھ کر ملا ہے ، کانفرنس کے دوران پوری دنیا سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جنیوا میں پاکستان کے ساتھ کھڑی نظر آئی،چوہدری پرویز الہی کو ہر صورت اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا،عمران ٹولہ جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے رورز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں اب تک امداد 11ارب ڈالر ہے اس میں مزید اضافہ ہوگا،عمرانی ٹولے نے گزشتہ 4 سالوں میں ملکی معیشت کو تباہ کیا،عمرانی ٹولے کا چہرہ بہت جلد بے نقاب ہونے والا ہے،پوری دنیا وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کال پر کل جنیوا میں اکھٹی ہوئی،پنجاب کو گزشتہ 3ماہ میں بری طرح لوٹا گیا۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان اور اس کی اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ،پاکستان نے جو دنیا سے توقعات کی تھیں جنیوا میں نہ صرف وہ پوری ہوئی ہیں بلکہ اس سے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پوری دنیا کل جنیوا میں پاکستان کے ساتھ کھڑی نظر آئی،توقعات سے بڑھ کر اقوام عالم نے پاکستان کی مدد کے وعدے کیے،جنیوا کانفرنس میں تعاون کے وعدے پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امداد ان کے منہ پر طمانچہ ہے جن لوگوں نے گزشتہ کئی ماہ سے مہم چلا رکھی ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ 11ارب ڈالر کی رقم پاکستان کو قرض نہیں بلکہ امداد کی مد ملے گی،پاکستان کوامداد ملنے کی توقع 8 ارب ڈالر کی تھی جبکہ ہمیں توقع سے بڑھ کر ملے ہیں اور اس امداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ امداد معاشی استحکام میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی،اس سے ڈالر سستا ہو گا اور مہنگائی میں واضح کمی ہوگی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولہ آئندہ چند ماہ کے اندر اپنے انجام کو پہنچ جائے گا اور پاکستان کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جو 2018 میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک اقلیتی حکومت مسلط کر دی گئی ہے جس سے صوبے کا برا حال ہو چکا ہے اور آج میرے پنجاب میں داخلے پر بھی پابندی کی کوشش کی گئی مگر ناکام ہوئے۔انہو ں نے کہا کہ ان کے گزشتہ روز زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے ہیں جس میں انہوں نے چوہدری پرویز الہی، مونس الہی اور ان کے فرنٹ مین ایاز نیازی پر تین ہزار ارب روپے کی لوٹ مار کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر مہنگا کرنے میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے اپنا بھیانک کردار ادا کیا ہے اور ڈالر خرید کر پاکستان سے باہر بھیجے،اب ان کا مار کھانے کا وقت آچکا ہے کیونکہ ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوچکا ہے اور یہ آپس میں دست گریبان ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی ایک پبلک ہائوس ہے اور اس میں کسی کے داخلے کو نہیں روکا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 179کی تعداد ہے جو بڑھ بھی سکتی ہے مگر ان کے پاس 186اراکین نہیں ہیں اگر ہیں تو چوہدری پرویز الہی اعتماد کا ووٹ حاصل کریں ، میں یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ انہیں اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا پڑے گا۔اس موقع پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن پر متعدد بار الزامات لگا کر اس ادارے کی توہین کر چکے ہیں، اگر یہ نااہل ہو گئے تو اپنی پارٹی کے چیئرمین بھی نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں عمران خان نے میری گرفتار ی کروائی ،اس کے لیے انہوں نے شہزاد اکبر کو ٹاسک دیا اور اس وقت کے آئی جی اسلام آباد نے ان کا حکم ماننے سے انکار کر دیا تو انہوں نے اے این ایف کے ایما پر مجھ پر جھوٹا مقدمہ کروایا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اگر اقتدار میں آیا تو یہ ملک میں مزید تباہی مچائے گا ،اگر الیکشن ہار گیا تو نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دے گا۔\932