پوری دنیا کے مسلمان نہتے فلسطینیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا لال حویلی میں یوم فلسطین احتجاجی ریلی سے خطاب

85

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے عالمی برادری اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے،آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسرائیلی جارحیت،ظلم وبربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔پوری دنیا کے مسلمان نہتے فلسطینیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،مسلم ممالک کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا،ہم غلام رسول ہیں اور ہم پر فرض ہے کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لئے ہر وقت تیار رہیں،وزیر اعظم عمران خان کو شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پوری قوم کو اکھٹا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لال حویلی میں یوم فلسطین احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے شیخ راشد شفیق ،مقامی سیاسی ،مذہبی اور تاجر راہنماوں سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے ساتھ پاکستان کا ہر فرد اور ہر بچہ کھڑا ہے ۔جس طرح پاکستانی میڈیا نے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ بہت جلد مسئلہ فلسطین حل ہو جائے گا۔پنڈی کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی ہے ہر ہفتہ لاہور جا کر راولپنڈی کے مسائل حل کرنے پر بات کریں گے اور بہت جلد نالہ لئی کا افتتاح کیا جائے گا۔

ہم غلام رسول ہیں اور ہم پر فرض ہے کہ کشمیر اور فلسطین کی عوام کے ساتھ ہیں۔راولپنڈی کی عوام کو فلسطین کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے لال حویلی آنے پر سلام پیش کرتا ہوں ۔وزیر داخلہ نے پاک چین تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ستر سال بعد چین سے ہماری دوستی مضبوط رشتے میں ڈھلنے والی ہے ۔شیخ رشید احمد کے خطاب کے بعد پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق کی قیادت میں اجتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر لال حویلی کے باہر پاکستان،فلسطین،سعودی عرب،ترکی،افغانستان اور آزربایئجان سمیت متعدداسلامی ممالک کے جھنڈے نصب کئے گئے اور لال حویلی کے چاروں اطراف راولپنڈی پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے اورمختلف مقامات پر رینجرز اور ایلیٹ فورس کے ساتھ حساس اداروں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئیں۔اجتجاجی ریلی میں شرکاء کی جانب سے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔