سرگودھا۔ 04 مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت و ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 85 ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کی زیر قیادت پبلک سیکرٹریٹ مٹھہ معصوم (سرگودھا) سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے یادگار شہداء کلب روڈ تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں ڈائریکٹرسرگودھا ویسٹ مینمنٹ اتھارٹی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں، صوبائی چیئرمین زکوۃ و عشر پناب رانا منور غوث، رانا محمد کاشف سمیت مسلم لیگی قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر فضاء پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی، ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کلب روڈ، یادگار شہداء پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے یادگار شہداء پر پھول نچھاور کیے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کروائی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کی صورت میں اپنی جراتمند افواج کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کر چکی ہے، پاکستان کی عزت و وقار کی علامت پاک فوج ملکی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی ضمانت ہے، پاک فوج کسی بھی بیرونی جارحیت کا موثر اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592169