پوری قوم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،دہشتگرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

136
Prime Minister Shahbaz Sharif

لاہور۔1فروری (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےقلات میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،دہشتگرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کے 18 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں

،دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔