اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں اپنی سکیورٹی فورسز نشانہ بشانہ کھڑی ہے۔
جمعہ کو اپنے پیغام میں انہوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کے دیگر واقعات میں ملوث فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کی اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دہشتگرد ملکی امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش میں ملوث ہیں۔سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا غیر متزلزل عزم قابل ستائش ہے۔ سپیکر نے دہشتگردی کے خلاف نبردآزما سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہے۔