اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے ، شہداء کی ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے دی جانے والی قربانیاں یاد رکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم دہشت گردی سے مکمل نجات حاصل کر لیں گے ۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 23 دسمبر کو آئی ٹین ، اسلام آباد میں خود کش دھماکہ میں شہید ہونے والے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل سید عدیل حسنین کے اہلخانہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور شہید کے اہلخانہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے 25 دسمبر کو کوہلو، بلوچستان میں دھماکہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاء سے بھی ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔ صدر مملکت نے کیپٹن محمد فہد خان اور سپاہی اصغر الدین کے لواحقین سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے سپاہی محمد شمعون اور لانس نائیک محمد امتیاز کے ورثاء سے بھی اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کو ان کی بہادری ، فرض شناسی اور قوم کیلئے قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے خاندانوں کی وطن کیلئے قربانی کے جذبے کو بھی سراہا۔
صدر مملکت نے تمام شہداء کو وطن کیلئے خدمات اور جان کی قربانی پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہداء کی ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے دی جانے والی قربانیاں یاد رکھی جائیں گی، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے ، شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم دہشت گردی سے مکمل نجات حاصل کر لیں گے ۔ صدر مملکت نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔