اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آج پوری قوم سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر سراپا احتجاج ہے ،اس طرح کے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت تکلیف کا باعث ہیں اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
جمعہ کو یوم تقدیس قرآن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر سراپا احتجاج ہے ،اس طرح کے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت تکلیف کا باعث ہیں اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام دنیا کے پارلیمانوں کے سربراہان اور بین الپارلیمانی یونین کے صدر کوخطوط ارسال کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خطوط میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے روکنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیاہے،اس درلخراش واقعے کے بعد سویڈش پارلیمنٹ کے اسپیکر کو بھی خط ارسال کر کے بھرپور مذمت کی گئی ہے اور اس قسم کے واقعات کے تدارک پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام امن کا مذہب ہے جو کہ تمام مذاہب اور مقدس شخصیات اور مقدس کتاب کا احترام کرنا سکھاتا ہے۔