اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتے گا ،2013 میں بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہو کر دہشتگردی کا خاتمہ کیا، ہم اپنے بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے کامیاب آپریشن کرکے جعفرایکسپریس کے یرغمالیوں کو بچایا ۔ ان خیالات کاا ظہار وزیر مملکت نے اتوار کو ڈومیلی ،جہلم میں پاک فوج کے شہید جوان مرزا جواد کے مزار پر حاضری اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے شہید سپاہی مرزا جواد کے اہلخانہ سے تعزیت اور ان کے بلندی درجات کیلئےدعا بھی کی ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےبلال اظہر کیانی نے کہاکہ چند دن قبل جعفر ایکسپرس کا افسوسناک سانحہ ہوا ، جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کو ہماری سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ ناکام بنایا اور آپریشن کے دور ان 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے کے علاوہ 354 یرغمالیوں کو بازیاب کرایا اور بچوں ، خواتین سمیت دیگر افراد کی قیمتی جانیں بھی بچائیں ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ آپریشن کے دوران 26 اہل وطن بھی شہید ہوئے جن میں سے 18 جوان افواج پاکستان اور ایف سی جبکہ 2 اہلکار پاکستان ریلوےسمیت دیگر مختلف محکموں سے تعلق رکھتے تھے ۔ مجموعی طور پر سویلین سمیت 26 شہادتیں ہوئیں ۔
انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کے آپریشن سے قبل دہشتگردوں نے سویلین افراد کو شہید کیا تھا اور آپریشن کے دوران کسی سویلین کی شہادت واقع نہیں ہوئی جس کیلئے ہم اپنی افواج پاکستان ، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتےہیں ۔ انہوں نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ آپریشن کر کے 354 قیمتی جانوں کو بچایا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس افسوسنا ک واقع میں ہونے والی 26 شہادتوں میں سے ایک شہید مرزا جواد کا تعلق جہلم کے نواحی علاقے ڈومیلی سے تھا جو پاک فوج میں بطور سپاہی اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم ان کے گھر گئے ، ان کے دادا اور والد سمیت بھائیوں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات ، تعزیت ، شہید کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعا کی ۔ وزیر مملکت نے ڈومیلی قبرستان میں مرزا جواد شہید قبر پرفاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے ۔ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ ہماری افواج روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں تاکہ ہم سب اور ہمارے خاندان محفوظ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز ہمیں اپنے نوجوانوں کی بہادری اور دلیری کی داستانیں،قربانیاں اور شہادتیں نظر آتی ہیں ، جس پر ہم ان کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتےہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب اپنے ان جوانوں کے پیچھےکھڑےنظر آئیں ، ان کو پیغام دیں کہ وہ اپنی قوم اور ملک کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کو دائو پر لگاتےہیں جس پر پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے ۔
وزیر مملکت نے مزید کہاکہ 2013 سے 2018 کے دوران سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت کے دوران پوری قوم متحدہو کر اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی تھی اور ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر اسی طرح کی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دہشتگرد نہتے شہریوں ، بچوں اور خواتین پر حملے کر رہےہیں جن کا کو جواز نہیں ہے جو صرف نفرت اور دہشتگردی کا فعل ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں معاونت کرنے والی قوتوں کے خلاف بھی متحد ہیں ۔ وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور انشاء اللہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ پاکستان جیتے گا ۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان ریلوے کے2شہداکو بھی خراج تحسین پیش کیا جن میں کوئٹہ سے پاکستان ریلوےکے سپاہی شمروز خان اور مانسہرہ سے کیرج شاپ کے اہلکار ممتاز شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام شہدا کو سلام پیش کرتے اور پاکستان ریلویز کے اہلکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتےہیں جو ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہےہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573210