پوری قوم نبی پاک ﷺ سے والہانہ عشق رکھتی ہےحکومت قوم اور پارلیمنٹ کی خواہشات کے مطابق اس معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے پرعزم ہے، نورالحق قادری

72

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پوری قوم نبی پاک ﷺ سے والہانہ عشق رکھتی ہے، حکومت ساری قوم اور پارلیمنٹ کی خواہشات کے مطابق اس معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ناموس رسالت کے حوالے سے اس ایوان اور پوری قوم کے احساسات اور جذبات یکساں ہیں۔ اس میں کوئی داڑھی والا ہو یا کوئی اور سب کے جذبات اور رسول کریمﷺ سے والہانہ عشق یکساں ہے۔

جو کچھ ہوا اس پر اپوزیشن اور حکومت دونوں کو دکھ ہے۔ کوئی بھی سیاسی اور جمہوری حکومت اس طرح کی صورتحال نہیں چاہتی۔ جب یہ واقعات رونما ہوتے ہیں تو سانحات ہوتے ہیں۔ ہم نے منت سماجت اور بات چیت کے ذریعے یہ معاملہ بہتری سے سلجھانے کی کوشش کی۔ ہم نے مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا اور کہا کہ ہم اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے کے پابند ہیں۔ سپیکر کمیٹی قائم کریں گے جس کے سامنے آپ ڈرافٹ پیش کریں گے اور دفتر خارجہ اپنا موقف پیش کرے گا۔

ہم نے کہا کہ ہم تمام علماءکا احترام کرتے ہیں مگر خارجہ پالیسی کا تعین حکومت وقت کرتی ہے ہم نے ان سے کہا کہ اس کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر وہ انہیں قائل کریں۔ ہماری بات چیت ہو رہی تھی کہ 20 اپریل کی کال دے دی گئی۔ حکومت یہ چاہتی ہے کہ راستوں اور موٹرویز کو کھلا رکھا جائے اور لوگوں کو تکلیف نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ نبی رحمتﷺ کی شریعت کے تحت تو راستے کو بند کرکے جنازہ اور نماز بھی ادا نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ راستوں اور شاہراہوں کو کھلا رکھنا اور عام آدمی کی زندگی کی رکاوٹیں ختم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھی اس معاملے پر مشاورت کا عمل جاری رہا ہے اور اب بھی اجلاس ہونے جارہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ پارلیمنٹ اور ساری قوم کی خواہش کے مطابق مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ تحفظ ناموس رسالت کا پیغام کسی نے اتنا نہیں پھیلایا جتنا عمران خان نے پھیلایا ہے۔