پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو ملکی دفاع کیلئے لازوال قربانیاں پیش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، صدر مملکت 

100

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو ملک کے دفاع کیلئے لازوال قربانیاں پیش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاک بحریہ سمیت تمام ادارے ملک کی حفاظت و سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی دلیر و جری بحری فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری قوم پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو ملک کے دفاع کیلئے لازوال قربانیاں پیش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ہی دن آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا میں تنصیبات کو تباہ کر کے کئی گنامضبوط دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیاتھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج قائم رکھا، ہماری بحریہ نے بھارتی بحریہ کو ان کی بندرگاہوں میں مفلوج کر دیا، بحیثیت قوم آج بھی ہم میں یہ جذبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمیت تمام ادارے ملک کی حفاظت و سلامتی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔