29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںپوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،کسی بھی جارحیت...

پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،کسی بھی جارحیت پر دشمن کو دندان شکن جواب دیں گے،وفاقی وزیر ریلوے

- Advertisement -

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت پر دشمن کو دندان شکن جواب دیں گے،سرحدوں کے دفاع اور ملکی سالمیت کے لئے پوری قوم متحد ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں انڈیا کے پاکستان کے مختلف مقامات پر حملوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے،انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی قوم باقی معاملات پر بھلے مختلف رائے رکھتی ہو تاہم سرحدوں کی حفاظت اورملکی دفاع وسالمیت پرپوری قوم متحد ہے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری،فضائیہ اور بحری افواج کو کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اوردندان شکن جواب دیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے دشمن کو پیغام دینا ہے کہ شہادت مومن کے لئے مطلوب و مقصود ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے ہر موقع پہ بزدلی کے ساتھ رات کے وقت حملہ کیا،آج پوری پاکستانی قوم اپنے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے،گجرات کے قصائی نے صرف مسلمانوں کے خون سے ہاتھ نہیں رنگے۔حنیف عباسی نے کہا کہ مودی نے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائیوں، سکھوں کا خون بہایا،بھارت نے ہمارے بچوں، خواتین کو نشانہ بنایا مگر ہم نے ان کے ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا،بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ بھی رچایا۔حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے،نیپال، آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ میں بھارت دہشتگردی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جو دہشت گردی کر رہا ہے اس کے ثبوت موجود ہیں،بھارت کے سہولت کاروں کو بھی تنبیہ کی تھی،جو بھی دہشتگردی میں ملوث ہوا ہمارے ایک سپاہی کے بدلے سو ماریں گے،آج بھارتی فوجی بلبلا رہے ہیں،بھارت پراپیگنڈہ کر رہاہے کہ ایف 16 گرایا، آپ اس کے پاس سے نہیں گزر سکتے،ہم نے تہیہ کیا ہے کہ ہم نے بدلہ لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وقت اور جگہ کا تعین کر کے بدلہ چکائیں گے،ہم دہشتگردی کا شکار رہے ہیں، دہشت گردی کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت میں بی جے پی کی حکومت ہو، دہشتگردی ہوتی ہے،وہاں ہر الیکشن میں ڈرامہ کیا جاتا ہے،ہم نے بھارتی سندور کو ان کے لئے تندور بنایا ہے.

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم 9 مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں،ہم نے نہ شہیدوں کے مجسمے گرائے نہ 9 مئی کیا،جو پاکستان سے کمائی کرکے باہر بیٹھ کر ملک دشمنی کر رہے ہیں وہ غدار ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594737

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں