اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ساری قوم کو اس فتح عظیم کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس جرات، ولولے، دبدبے سے پاکستانی ٹیم نے اپنے روائتی حریف کو شکست دی ہے اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج سارے عالم اسلام میں پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو میں قومی ذمہ داریوں کی وجہ سے گرائونڈ میں نہیں دیکھ سکا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹریفک حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کنٹینر ہٹا دیں تاکہ قوم اپنے جشن کو تاریخی طریقے سے منا سکے،
اپنی ٹیم اور اپنی قوم کو مبارک ہو، آج ہمارا فائنل تھا۔ شیخ رشید نے کہاکہ بھارت سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات پاکستانی ٹیم کے ساتھ تھے، سارے عالم اسلام کو یہ فتح مبارک ہو، پاکستان زندہ باد، اسلام زندہ باد۔