اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ تمام پوسٹ آفسز میں جدت لاکر انہیں بحال کر رہے ہیں،پوسٹ آفسز کو ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ سے وسائل کو بروئےکار لاکر اپڈیٹ کیاجارہا ہے۔
پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ ڈاک میں خالی آسامیوں کوبھی جلد مکمل کرلیاجائے گا، ڈاکخانوں میں آنے والے سائلین کو سہولیات دینا ہماری وزارت کی اولین ترجیح ہے،پاکستان پوسٹ قوم کا اپنا بااعتماد ادارہ ہے۔
دریں اثنا وزارت مواصلات نے آفیشل ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانااسعد محمود کی ہدایت پر جی پی اوز کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، مظفر آباد ، لاہور، ملتان، سمیت تمام ڈاک خانوں کی آپ گریڈیشن کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ حسن اختر رانا نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکخانوں میں آنےوالے سائلین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔